ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اناؤ اجتماعی عصمت دری کیس: بی جے پی ایم ایل اے سینگر کے خلاف ایف آئی آردرج

اناؤ اجتماعی عصمت دری کیس: بی جے پی ایم ایل اے سینگر کے خلاف ایف آئی آردرج

Tue, 30 Jul 2019 00:16:19    S.O. News Service

لکھنؤ، 29 جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) اناؤ اجتماعی عصمت دری کی شکار لڑکی سڑک حادثہ میں زخمی ہونے کے بعد سے زندگی اور موت سے جنگ لڑ رہی ہے۔متاثرہ خاندان کار اور ٹرک کی ہوئی ٹکر کو قتل کی کوشش بتا رہا ہے۔وہیں پولیس ان دعووں کو مسترد کرتے ہوئے اسے صرف حادثہ بتا رہی ہے۔اس دوران ریپ کیس میں جیل میں بند بی جے پی ممبر اسمبلی کلدیپ سینگر کے خلاف حادثہ کے معاملے میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔رئے بریلی کے گربخش گنج تھانے میں سینگر اور قریب ایک درجن نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے،سب کے خلاف قتل، قتل کی کوشش اور مجرمانہ سازش رچنے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔اتر پردیش کے ڈی جی پی اوپی سنگھ نے کہا کہ ابتدائی تفتیش میں یہ صرف حادثہ ہے لیکن متاثرہ خاندان کو قتل کا خدشہ ہے تو حکومت اس کی سی بی آئی جانچ کے لئے بھی تیار ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم لوگوں نے ٹرک والوں کو پکڑ لیا ہے،مالک اور ڈرائیور کو گرفتار کیا گیا ہے،پہلی نظر یہ میں حادثہ کا معاملہ ہے۔ڈی جی پی نے سیکورٹی میں کمی  کے دعووں کو بھی مسترد کیا۔انہوں نے کہاکہ 20 تاریخ کو متاثرہ نے سیکورٹی اہلکاروں سے کہا کہ ضرورت ہوگی تو ہم آپ کو بلا لیں گے اور کل بھی رئے بریلی جا رہی تھی تو انہوں نے سکیورٹی سے کہا کہ ہماری گاڑی میں جگہ نہیں ہے،راستے میں ایک اور آدمی کو لینا ہے،لہذا سیکورٹی ساتھ نہیں تھی،سیکورٹی میں کوئی کمی نہیں ہوئی ہے،جب اکیلی گئی تو وہ حادثے کا شکار ہوئی۔ واضح رہے کہ متاثرہ اور اس کے خاندان کو سیکوریٹی ملی ہوئی ہے لیکن حادثے کے وقت ان کے ساتھ سیکورٹی موجود نہیں تھی۔اوپی سنگھ نے کہاکہ دو خواتین کی موت ہوئی ہے،وکیل کی صورت حال سنگین بنی ہوئی ہے،متاثرہ کی حالت ٹھیک ہے،پھر بھی اگر ان کے گھر والوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ قتل ہے،اگر متاثرہ کی ماں مطالبہ کرتی ہے توہم سی بی آئی جانچ کے لیے تیار ہیں۔غور طلب ہے کہ بی جے پی ممبر اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر پر ریپ کا الزام لگانے والی لڑکی، اس کی چاچی اور خالہ اپنے وکیل مہندر کے ساتھ رائے بریلی جیل میں بند اپنے رشتہ دار مہیش سنگھ سے اتوار کو ملاقات کرنے جا رہی تھی۔راستے میں رائے بریلی کے گربخش گنج علاقے میں ان کی گاڑی اور ایک ٹرک کے درمیان مشتبہ حالات میں ٹکر ہو گئی تھی۔اس حادثے میں چاچی اور خالہ نے دم توڑ دیا تھا۔ذرائع نے بتایا کہ اس واقعہ میں زخمی وکیل مہندر سنگھ کی حالت بے حد نازک ہے اور وہ ٹراما سینٹر میں وینٹی لیٹر پر ہیں۔وہیں، ممبر اسمبلی سانگر پر الزام لگانے والی لڑکی بھی زخمی ہوئی ہے لیکن اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔اس لڑکی نے سال 2017 میں اناؤ سے بی جے پی ممبر اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر پر ریپ الزام لگایا تھا۔اس معاملے میں سینگر کو گرفتار کیا گیا تھا۔معاملے کی سی بی آئی جانچ کی سفارش کی گئی ہے اور اس وقت سینگر جیل میں ہیں۔اس سے پہلے لڑکی کی شکایت کے باوجود پولیس کافی دنوں تک ایف آئی آر درج کرنے سے کنارہ کشی کرتی رہی۔لڑکی نے لکھنؤ میں وزیر اعلی رہائش کے باہر خود کشی کی کوشش کی،جس کے بعد پولیس نے اس کے والد کو حراست میں لیا۔متاثرہ کا دعوی ہے کہ کلدیپ سینگر کے حامیوں کے پیٹنے سے والد کی موت ہو گئی،بعد میں ایک اہم گواہ کی بھی مشکوک موت ہو گئی۔پورے معاملے پر اپوزیشن نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے،پارلیمنٹ میں بھی معاملہ گونجا۔سماج وادی پارٹی صدر اکھلیش یادو نے الزام لگایا ہے کہ یہ متاثرہ کو قتل کرنے کی سازش ہو سکتی ہے، سی بی آئی جانچ کی جائے۔وہیں بی ایس پی صدر مایاوتی نے بھی سازش کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ اناؤ ریپ متاثرہ کار کی رائے بریلی میں کل ٹرک سے ٹکرابتدائی نظر میں اسے جان سے مارنے کی سازش لگتی ہے۔سپریم کورٹ کو اس کا نوٹس لے کر قصورواروں پر سخت کارروائی یقینی کرنی چاہئے۔


Share: